17 مئی 2010 - 19:30

امریکہ کو انتہائی مطلوب القاعدہ کمانڈر آدم یحییٰ گداحن کو سہراب گوٹھ سے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب حساس اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر سپر ہائی وے سے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی اور انتہائی مطلوب کمانڈر آدم یحییٰ گداحن عرف اعظم الامریکی کو اس کے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے.
آدم یحییٰ گداحن امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کو انتہائی مطلوب 30 دہشت گردوں کی فہرست میں 14ویں نمبر پر تھا اور اس کے سر کی قیمت 10 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی۔
وہ امریکہ میں پیدا ہوا اور القاعدہ کی پروپیگنڈا مشینری کا ایک اہم رکن تھا اسے اسامہ بن لادن کے بااعتماد ساتھیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ حساس اداروں نے اس کی گرفتاری کو اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ آدم یحییٰ گداحن کو ساتھیوں سمیت تفتیش کیلئے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
آدم یحییٰ یکم ستمبر 1978ء کو لیکی فورنیا میں پیدا ہوا اسے حساس اداروں نے امریکن ایجنسیوں کے تعاون سے گرفتار کیا۔ آدم یحییٰ ڈبل کیبن گاڑی میں کراچی میں داخل ہو رہا تھا اسے ڈرائیور سمیت گرفتار کر کے فوری طور پر کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے آدم یحییٰ کی گرفتاری کو اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ یحییٰ کی گرفتاری کی تصدیق آخری اطلاعات آنے تک سرکاری طور پر نہیں کی گئی تھی۔یحییٰ القاعدہ کے ترجمان بھی تھے۔

بشکریہ از ڈیلی اوصاف